پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان کا پاکستان کو 46 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان

پولیو کے خاتمے کیلئے جاپان کا پاکستان کو 46 لاکھ ڈالر امداد دینے کا اعلان
کیپشن: فوٹو بشکریہ جاپانی سفارتخانہ

اسلام آباد: جاپان نے 19-2018 کی پولیو ویکسین مہمات میں مدد فراہم کرنے کے لیے پاکستان کو 46 لاکھ ڈالر (61 کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد) کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں جاپان کی حکومت، جاپان انٹرنیشنل کارپوریشن ایجنسی (جے آئی سی اے) اور اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کے ادارے (یونیسیف) کے درمیان معاہدے پر دستخط کیے گئے۔یہ امداد ڈھائی کروڑ اورل پولیو ویکسین(او پی وی) کی خریداری میں مدد فراہم کرے گی، جو پاکستان کے انتہائی حساس اضلاع میں 5 سال تک کے بچوں کو ویکسین کرنے کے لیے کافی ہوگی، اس کے علاوہ یہ امداد مدافعتی خلا کو پورا کرنے کے پروگرام کو شروع کرنے میں بھی مدد کرے گی۔

جاپانی حکومت کے اس عزم کو سراہتے ہوئے انسداد پولیو پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ حکومت اور جاپان کے عوام برسوں سے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، یہاں تک کہ مشکل حالات میں بھی انہوں نے ہمارا ساتھ دیا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کے پولیو کا خاتمے کے پروگرام کی دنیا بھر میں بہترین عوامی خدمات کی فراہمی کے اقدامات میں درجہ بندی کی گئی ہے۔

معاہدے کی تقریب کے موقع پر شرکا سے خطاب میں نیشنل ہیلتھ سروسز کے وزیر عامر محمود کیانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی حکومت ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری وزارت کی اولین ترجیح ہے اور پولیو سے پاک پاکستان کے مقصد کو حاصل کرنے کے لیے کوئی کثر نہیں چھوڑی جائے گی۔