راولپنڈی:سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران چار دہشت گرد ہلاک کر دیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک شدہ دہشت گرد بھارتی پراکسی فتنہ ’الخوارج‘ سے منسلک تھے۔
پاک فوج کے بیان کے مطابق باجوڑ میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جس میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک دہشت گرد مارا گیا۔ شمالی وزیرستان کے سپین وام اور ذاکر خیل میں کارروائیوں کے دوران مزید دو دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک اور دہشت گرد کو ٹھکانے لگایا گیا۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن بھی جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی دہشت گرد کو مکمل طور پر ختم کیا جا سکے۔