لندن: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی سابق خوشدامن اور جمائما گولڈ سمتھ کی والدہ، لیڈی اینابیل گولڈ سمتھ 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق، لیڈی اینابیل کا انتقال لندن میں ہوا۔
لیڈی اینابیل 11 جون 1934 کو لندن میں پیدا ہوئیں، اور وہ گولڈ سمتھ خاندان کی ایک معروف شخصیت تھیں۔ ان کے 6 بچوں میں جمائما گولڈ سمتھ کے علاوہ، رچمنڈ پارک سے سابق ایم پی زیک گولڈ سمتھ بھی شامل ہیں۔ ان کے ایک بیٹے کا انتقال مغربی افریقہ میں اور دوسرے کا شیر کے حملے میں ہوا تھا۔
لیڈی اینابیل کی زندگی کے اہم لمحات میں ان کے شوہر نے مے فئیر نائٹ کلب کا نام اپنی اہلیہ کے نام پر رکھا تھا، جو شاہی خاندان کے افراد کی بھی پسندیدہ جگہ تھی۔
اینا بیل نے 15 برس کی عمر میں لیڈی کا خطاب حاصل کیا تھا، اور ان کی پہلی شادی مارک برلے سے 21 برس تک قائم رہی، بعد ازاں 1978 میں انہوں نے سر جیمز گولڈ سمتھ سے دوسری شادی کی۔
لیڈی اینابیل کے بیٹے، زیک گولڈ سمتھ کو حالیہ برسوں میں برطانیہ میں لارڈ کا خطاب دیا گیا ہے، اور انہوں نے 2016 میں لندن کے میئر کے انتخاب میں صادق خان کا مقابلہ کیا تھا۔ یاد رہے کہ لیڈی اینابیل کی بیٹی، جمائما گولڈ سمتھ نے 1995 میں پاکستان کے معروف سیاستدان عمران خان سے شادی کی تھی۔