میٹا کا واٹس ایپ پر چیٹ بوٹس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

06:18 PM, 19 Oct, 2025

کیلیفورنیا: میٹا نے واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت عمومی نوعیت کے چیٹ بوٹس کو پلیٹ فارم سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ نئی پالیسی 15 جنوری 2026 سے نافذ ہوگی۔

میٹا نے اس فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پابندی ان کاروباری اداروں پر لاگو نہیں ہوگی جو کسٹمر سروس کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہیں، جیسے ریٹیلرز، ایئر لائنز، اور ٹریول ایجنٹس۔

نئی پالیسی کے مطابق، مصنوعی ذہانت فراہم کرنے والی کمپنیاں جیسے پرپلکسی، لوزیا، اوپن اے آئی اور پوک اب واٹس ایپ کی بزنس سلوشنز کے ذریعے اپنے چیٹ بوٹس یا جنریٹیو مصنوعی ذہانت کے فیچرز کو مرکزی سروس کے طور پر استعمال نہیں کر سکیں گی۔

میٹا کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ بزنس اے پی آئی کا مقصد کاروباروں کو صارفین کو سپورٹ فراہم کرنے اور اپ ڈیٹس بھیجنے میں مدد دینا ہے، نہ کہ مکمل مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ سروسز چلانا۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق، پچھلے ایک سال کے دوران عمومی چیٹ بوٹس کے استعمال میں تیزی سے اضافے نے واٹس ایپ کے سسٹم پر دباؤ بڑھا دیا تھا، جس کے نتیجے میں پیغامات کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ اور ایک نیا سپورٹ ڈھانچہ قائم کرنے کی ضرورت پیش آئی تھی۔

میٹا کے مطابق، یہ اقدام بزنس اے پی آئی کے اصل مقصد اور حکمت عملی کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ اس پالیسی کے نفاذ کے بعد تیسرے فریق کے مصنوعی ذہانت کے چیٹ بوٹس واٹس ایپ پر دستیاب نہیں ہوں گے، اور صرف میٹا کا اپنا مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ ایجنٹ ہی پلیٹ فارم پر کام کرے گا۔

مزیدخبریں