پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس پہلی بار 158,700 پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا

10:56 AM, 19 Sep, 2025

کراچی : پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز زبردست تیزی دیکھی گئی، جہاں 100 انڈیکس میں 700 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور یہ پہلی بار ایک لاکھ 58 ہزار 700 پوائنٹس کی سطح عبور کرنے کے قریب پہنچ گیا۔

کاروبار کا آغاز ہی تیزی سے ہوا اور ایک گھنٹے کے اندر انڈیکس میں یہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ روز بھی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدے کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں نمایاں بہتری دیکھی گئی تھی۔ اس دوران 100 انڈیکس نے ایک لاکھ 58 ہزار 82 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھوا تھا، جبکہ دن کے اختتام پر یہ 1775 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 157,953 پوائنٹس پر بند ہوا۔

ماہرین کے مطابق اس تیزی کی بنیادی وجہ پاکستان کی سفارتی اور اقتصادی کامیابیاں ہیں، جن میں سب سے اہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سٹریٹیجک دفاعی معاہدہ ہے۔

دوسری جانب، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا مشن آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کرے گا تاکہ ملکی پروگرام کا جائزہ لے، اور پاکستان کے آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے پورے ہونے کے امکان کی بنا پر اگلی قسط کی منظوری متوقع ہے۔

اسی طرح، پاکستان اور پولینڈ کے درمیان گیس اور تیل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے پیش رفت نے بھی تیل و گیس کی کمپنیوں کے حصص میں اضافے کا باعث بنایا ہے۔

مزیدخبریں