البانیا :دنیا میں پہلی بار کسی مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ وزیر نے پارلیمنٹ سے باضابطہ خطاب کیا ہے، جسے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک تاریخی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے۔
البانیہ کی پارلیمنٹ میں خطاب کرنے والی یہ اے آئی وزیر ایک خاتون شخصیت پر مبنی ہے، جس کا نام ڈیلا رکھا گیا ہے، جس کا مطلب ہے ’سورج‘۔ ڈیلا البانوی روایتی لباس میں ملبوس تھیں اور ان کی ظاہری ساخت اور انداز کو مکمل طور پر مقامی ثقافت کے مطابق ڈھالا گیا تھا۔
اپنے پہلے خطاب میں ڈیلا نے کہا"میں انسانوں کی جگہ لینے نہیں آئی، بلکہ ان کی معاونت کے لیے یہاں موجود ہوں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جدید دور میں اصل خطرہ مشینوں سے نہیں بلکہ اقتدار میں بیٹھے افراد کے غیر انسانی فیصلوں سے ہے، جو آئین اور جمہوریت کے لیے زیادہ بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔
ڈیلا کا خطاب پارلیمنٹ میں موجود اراکین کے لیے حیران کن اور متاثرکن تھا، جسے تکنیکی ترقی کی ایک نئی سمت میں اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما نے گزشتہ ہفتے ہی دنیا کے پہلے AI-generated وزیر کی تقرری کا اعلان کیا تھا۔ یہ اقدام حکومت کی ڈیجیٹل پالیسی، شفافیت، اور مستقبل کی تیاری کے سلسلے میں اٹھایا گیا ہے۔
ڈیلا کا بنیادی کام عوامی ڈیٹا، پالیسیاں، اور حکومتی فیصلوں کو بہتر انداز میں سمجھنا اور پیش کرنا ہے، تاکہ حکام اور عوام کے درمیان رابطہ زیادہ مؤثر ہو۔