" بگرام ایئر بیس پر دوبارہ قبضہ نامنظور"،افغان حکومت کا امریکی فوجی واپسی پر سخت ردعمل

07:31 PM, 19 Sep, 2025

کابل:افغان وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان سرزمین پر امریکی افواج کی واپسی ناقابل قبول اور غیر عملی ہے۔

افغان حکومت نے واضح کیا کہ افغانستان نے اپنی تاریخ میں کبھی بھی کسی غیر ملکی فوج کو اپنی سرزمین پر قبول نہیں کیا اور مستقبل میں بھی فوجی مداخلت کو مسترد کیا جائے گا۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ افغانستان اور امریکہ کے تعلقات فوجی مداخلت کے بغیر بہتر طریقے سے قائم کیے جا سکتے ہیں۔

یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ٹرمپ نے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ بگرام ایئر بیس کو واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں کیونکہ اس کی اسٹریٹجک اہمیت چین کے قریب ہونے کی وجہ سے بہت زیادہ ہے۔

ٹرمپ نے کہا تھا کہ بگرام ایئر بیس اس لیے اہم ہے کیونکہ یہ چین کے اُس علاقے کے قریب ہے جہاں جوہری ہتھیار تیار کیے جاتے ہیں، اور امریکہ اس کی حفاظت کرنا چاہتا ہے۔

افغان حکومت کی جانب سے یہ موقف عالمی برادری کے لیے بھی واضح اشارہ ہے کہ افغانستان میں کوئی بھی غیر ملکی فوجی موجودگی نہ صرف مقبول نہیں بلکہ ملکی خودمختاری کے خلاف ہے۔

مزیدخبریں