سلامتی کونسل کا ایران پر اقتصادی پابندیاں برقرار رکھنے کا فیصلہ، قرارداد مسترد

09:33 PM, 19 Sep, 2025

نیویارک:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر عائد اقتصادی پابندیاں ختم کرنے کی قرارداد مسترد کر دی، جس کے بعد ایران پر عالمی دباؤ میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق پابندیاں ختم کرنے کے حق میں پاکستان، چین، روس اور الجیریا نے ووٹ دیا، تاہم 9 ممالک نے قرارداد کی مخالفت کی جبکہ 2 رکن ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

ایران نے سلامتی کونسل کے اس فیصلے کو سیاسی جانبداری پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ یہ فیصلہ عالمی انصاف کے اصولوں کے منافی ہے اور ایران کو تنہا کرنے کی ایک اور کوشش ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران پر یورپی اقتصادی پابندیاں 28 ستمبر سے دوبارہ نافذ ہونے کا امکان ہے، جس سے ایران کی معیشت اور عالمی تجارت پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ایران اور مغربی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے کے حوالے سے مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہیں، جبکہ امریکہ پہلے ہی ایران پر یکطرفہ پابندیاں برقرار رکھے ہوئے ہے۔

مزیدخبریں