محمد فاروق کی دھواں دار بیٹنگ، ماجد خان کا ریکارڈ توڑ دیا

12:52 PM, 19 Sep, 2026

کراچی : پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون کے دوسرے راؤنڈ کے پہلے روز بلے بازوں کا راج رہا، جہاں کئی کھلاڑیوں نے سنچریاں سکور کیں۔ تاہم ایم آئی ٹی کے محمد فاروق کی شاندار اننگز نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

راولپنڈی کے شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم میں محمد فاروق نے صرف 99 گیندوں پر 163 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور 14 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے محض 67 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔

فاروق نے اپنی اننگز کے دوران فرسٹ کلاس کرکٹ میں کسی پاکستانی بیٹر کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا سابق قومی لیجنڈ ماجد خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یہ ان کی تیسری فرسٹ کلاس سنچری اور مسلسل دوسری سنچری ہے۔

ان کے بعد عتیق الرحمٰن نے 142 جبکہ سلمان خان جونیئر نے ناقابلِ شکست 106 رنز بنائے، جس کی بدولت ایم آئی ٹی نے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 476 رنز بنا لیے۔

دوسری جانب غنی کے شرجیل خان نے 120 گیندوں پر 156 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلتے ہوئے اپنی 15ویں فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی۔ ان کی اننگز میں 25 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

پشاور میں کنگز مین اکیڈمی کے محمد طیب عارف نے بھی اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری سکور کی۔ انہوں نے 110 گیندوں پر 105 رنز بنائے، تاہم پوری ٹیم 215 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

ایبٹ آباد میں ایس بی پی نے پی ٹی وی کے خلاف دن کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 278 رنز بنا لیے، جہاں حسن رضا اور محمد غازی غوری نے نصف سنچریاں سکور کیں۔

مزیدخبریں