کیلیفورنیا : واٹس ایپ صارفین کے لیے پرانی گفتگو میں مخصوص پیغام تلاش کرنے کا عمل مزید آسان بنانے کی تیاری کر رہا ہے۔ کمپنی کے آئی او ایس بیٹا ورژن میں چیٹ سکرین کے اندر ہی سرچ شارٹ کٹ متعارف کرانے پر کام جاری ہے۔
موجودہ نظام میں کسی پرانے پیغام کی تلاش کے لیے صارف کو چیٹ انفو سکرین پر جاکر سرچ آپشن استعمال کرنا پڑتا ہے، جو طویل گفتگو میں قدرے وقت طلب عمل ہوسکتا ہے۔
نئے فیچر کے تحت چیٹ کے اندر ہی سرچ کا شارٹ کٹ دستیاب ہوگا۔ یہ بٹن مستقل طور پر سکرین پر نظر آنے کے بجائے اس وقت ظاہر ہوگا جب صارف پرانے پیغامات تک پہنچنے کے لیے چیٹ میں اوپر کی جانب سکرول کرے گا۔
اس تبدیلی سے صارفین کو چیٹ انفو کھولنے کے بجائے براہِ راست گفتگو کے دوران مطلوبہ پرانا پیغام تلاش کرنے کی سہولت ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ سرچ سہولت واٹس ایپ چینلز تک بھی بڑھائی جا رہی ہے، جہاں صارفین پرانی پوسٹس اور اپ ڈیٹس تلاش کرسکیں گے۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا ٹیسٹنگ کے مرحلے میں ہے، اس لیے تمام صارفین کے لیے اس کی دستیابی کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔