پی سی بی کی سکول کرکٹ کے فروغ پر خصوصی توجہ، 1400 سے زائد سکول ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ میں شریک

02:10 PM, 19 Sep, 2026

لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی سکول کرکٹ کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے، رواں سال 1400 سے زائد سکول ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 21 ہزار طلبہ اس سرگرمی کا حصہ ہیں۔

 لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ برس سکول کرکٹ کے فروغ کا کام شروع کیا گیا تھا اور پی سی بی کی ٹیم نے محنت کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد سکولوں کو شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔

 انہوں نے کہا کہ رواں سال 1400 سے زائد سکول ٹیلنٹ ہنٹ ٹورنامنٹ میں شریک ہیں، جس میں 21 ہزار طلبہ حصہ لے رہے ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل دسمبر میں ہوگا۔

 چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ٹاپ 50 سکولوں کی ذمہ داری پی سی بی خود لے گا، جبکہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کی طرح ڈائریکٹر سکول کرکٹ بھی مقرر کیا جائے گا۔

 محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کا سکول کرکٹ کا شعبہ پورا سال سکول کرکٹ کے فروغ اور ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکیڈمی پروگرام کے حوالے سے بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں