اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور سمیت تازہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی وزارت خارجہ نے بھی رابطے کی تصدیق کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو میں ترقی پذیر ممالک اور عالمی سپلائی چینز کے لیے توانائی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ اسحاق ڈار نے سمندری راستوں سے تجارتی جہازوں کی محفوظ اور تیز رفتار آمدورفت کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث توانائی کی ترسیل اور بحری تجارت کو درپیش خطرات پر عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے۔ پاکستان اس سے قبل بھی کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتا رہا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان آبنائے ہرمز کی صورتحال سمیت علاقائی بحران کے حل کے لیے سفارتی کوششوں میں مصروف ہے۔