حمزہ شہباز کے حلف کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

حمزہ شہباز کے حلف کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءحمزہ شہباز شریف کے بطور وزیراعلیٰ حلف لینے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر اعتراض ختم کر کے سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی جمعرات کو سماعت کریں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز نے اعظم نذیر تارڑ، عطا اللہ تارڑ کی وساطت سے آئینی درخواست دائر کی ہے جس میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ گزشتہ روز یہ درخواست نامکمل ہونے کی بنا پر واپس کر دی گئی تھی۔ 
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں حمزہ شہباز شریف نے موقف اختیار کیا ہے کہ 16 اپریل کو 197ووٹ لے کر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انہوں نے انکار کر دیا ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ گورنر اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کر کے آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ سے استدعا ہے کہ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کی درخواست گزشتہ روز نا مکمل قراردے کر واپس کردی تھی اور رجسٹرار آفس نے موقف اختیار کیا تھا کہ درخواست کے ساتھ مطلوبہ مکمل دستاویزات منسلک نہیں ہیں۔ 
حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر کے بجائے سیکرٹری ٹو گورنر کو فریق بنا دیا گیا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے اسے سماعت کیلئے مقرر کر دیا ہے اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی جمعرات کو کیس کی سماعت کریں گے۔ 

مصنف کے بارے میں