امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی:عظمیٰ بخاری

06:38 PM, 20 Apr, 2025

لاہور: پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں کسی بھی شخص کو امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ شدت پسند گروہ مختلف طریقوں سے دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہے ہیں اور حالیہ دنوں میں لوگوں کی کاروباری سرگرمیوں اور املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور غزہ کے حوالے سے بعض افراد نے جان بوجھ کر لوگوں کے کاروبار کو نقصان پہنچایا، جبکہ ان فوڈ چینز میں ہزاروں پاکستانی کام کر رہے ہیں۔ ان حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی تھی، مگر حکومت کسی کو بھی قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ اب تک 14 مقدمات درج کر کے 149 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں لاہور میں 3 مقدمات میں 11 ملزمان اور شیخوپورہ میں 1 مقدمے میں 73 ملزمان گرفتار ہوئے۔ شیخوپورہ کے پرتشدد واقعات میں ایک شخص کی جان بھی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں 3 مقدمات کے تحت 33 ملزمان، گوجرانوالہ میں 8 ملزمان، ملتان میں 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ساہیوال، بہاولپور اور رحیم یار خان سے بھی متعدد ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت فلسطین اور لبنان کے معاملات پر سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، اور وزیراعظم نے عالمی سطح پر فلسطین کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ پاکستان غزہ کے لیے امدادی سامان بھیج رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی ملزم کو رعایت نہیں دی جائے گی اور پولیس کو جدید ہتھیار فراہم کر کے کچے کے علاقے میں نئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ کچے میں ڈاکوؤں کا خاتمہ کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں