اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور سے آذربائیجان کے دارالحکومت باکو کے لیے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے اجرا کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کے لیے ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے اس پیش رفت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اور باکو کے درمیان براہ راست فضائی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کو قریب لائے گا اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے آغاز سے آذربائیجان کے ساتھ دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جلد ہی دیگر دوست ممالک کے لیے بھی پی آئی اے کی براہ راست پروازیں شروع کی جائیں گی۔
انہوں نے باکو کو پاکستان کا قریبی اور قابلِ اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف میدانوں میں اشتراک کے خواہاں ہیں۔
ادھر لاہور سے باکو کے لیے پی آئی اے کی پہلی پرواز PK-159 نے 152 مسافروں کے ساتھ صبح 11 بج کر 50 منٹ پر روانگی اختیار کی۔ اس موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔