پی آئی اے نے 390 افراد کو کابل سے بحفاظت نکال لیا

09:43 PM, 20 Aug, 2021

اسلام آباد: کابل میں فلائٹ آپریشن کی بحالی کے سلسلے میں پاکستان انٹر نیشل ائیر لائنز ( پی آئی اے) نے 390 مسافر جن میں غیر ملکی سفارت کار، غیر ملکی صحافی اور ورلڈ بینک کے ملازمین بھی شامل نکال لیا۔ 

یہ دونوں پروازیں پاکستانی سفارت خانے کی درخواست پر آپریٹ ہوئیں جن کے ذریعے افغانستان میں پھنسے پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو پاکستان پہنچایا گیا۔  پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او ) ارشد ملک عملے کی حوصلہ افزائی کیلئے خود پہلی پرواز کے ساتھ اسلام آباد سے کابل پہنچے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن افغانستان نے افغان فضائی حدود میں طیارہ داخل ہونے پر ریڈیو پر پی آئی اے کے عملے کو خوش آمدید کہا۔ کابل میں ڈائریکٹر جنرل سول ایسی ایشن، ائیر پورٹ آفیشلز اور افغانستان میں پاکستانی سفیر منصور خان نے ارشد ملک اور عملے کا استقبال کیا۔

سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کابل ائیرپورٹ پر افغان سول ایوی ایشن اور نیٹو افواج کے حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ائیر مارشل ارشد ملک نے کابل میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کے ہمراہ پی آئی اے کے کابل آپریشن کے انتظامی اور آپریشنل امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 

آج دونوں پروازوں کے ذریعے 390 مسافر جن میں غیر ملکی سفارت کار، غیر ملکی صحافی اور ورلڈ بینک کے ملازمین بھی شامل ہیں جو پاکستان پہنچے جبکہ پی آئی اے اب تک 5 پروازوں کے ذریعے تقریباً ایک ہزار افراد کو کابل سے نکال چکی ہے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق وزیر ہوا بازی غلام سرور خان کی ہدایات پر مزار شریف اور افغانستان کے دوسرے شہروں سے بھی پروازیں چلانے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں