پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنوبی سوڈان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کر دیا

12:59 PM, 20 Aug, 2025

نیویارک: پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنوبی سوڈان کی خراب ہوتی ہوئی سیاسی اور سلامتی کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ 2018 کے تجدید شدہ امن معاہدے کی پاسداری ہی جنوبی سوڈان میں پائیدار امن کی ضمانت ہے اور اس کی خلاف ورزی موجودہ بحران کو مزید سنگین بنا سکتی ہے۔

انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں فوری جنگ بندی، تمام فریقین کے درمیان مذاکرات کی بحالی اور سیاسی قیدیوں کی رہائی پر زور دیا۔ عاصم افتخار نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں سیاسی و سلامتی کی صورتحال اس وقت پسپائی کا شکار ہے جبکہ اسے آگے بڑھنا چاہیے۔

پاکستانی سفیر نے 2026 میں ہونے والے انتخابات کو امن کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شفاف اور قابل اعتماد انتخابات کے لیے بین الاقوامی تعاون کے ساتھ مقامی سطح پر اعتماد اور جامعیت کا ماحول ضروری ہے۔

انہوں نے جنوبی سوڈان میں انسانی بحران کو سنگین قرار دیا اور بتایا کہ مسلح تنازعات، موسمیاتی تبدیلیاں، ہیضے کی وباء اور پڑوسی ملک سوڈان کی صورت حال نے لاکھوں افراد کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔

عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے امن مشن (یو این ایم آئی ایس ایس) کو ’’زندگی کی ڈور‘‘ قرار دیتے ہوئے پاکستانی امن فوجیوں کی خدمات کو سراہا۔

مزیدخبریں