اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قومی ادارہ برائے ہنگامی حالات (این ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی ترسیل کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ امدادی سامان میں خیمے، کمبل، جنریٹرز، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے نے باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو علیحدہ کھیپیں روانہ کر دی ہیں جنہیں ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا تاکہ متاثرین میں فوری تقسیم کی جا سکے۔ این ڈی ایم اے مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
تمام متعلقہ سول اور عسکری ادارے امدادی کارروائیوں میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور این ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔