آسٹریلیا نے فلسطین کے لیے مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کا اسرائیلی فیصلہ غیر منصفانہ قرار دے دیا

04:23 PM, 20 Aug, 2025

کینبرا:  آسٹریلیا نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے لیے آسٹریلوی مندوبین کے ویزے منسوخ کرنے کے فیصلے کو غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔ یہ بیان آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے اسرائیلی وزیر خارجہ گیڈون ساعر کے اس اعلان کے جواب میں دیا، جس میں انہوں نے ویزے منسوخی کا فیصلہ اگست کے آغاز میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کے فلسطین کو اقوام متحدہ میں باضابطہ تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد کیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ کینبرا میں اسرائیلی سفارت خانے کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسرائیل میں داخلے کے لیے آسٹریلیا کے کسی بھی سرکاری عہدیدار کی ویزا درخواستوں کا سخت جائزہ لیں۔

آسٹریلیائی وزیر خارجہ پینی وونگ نے کہا کہ یہ فیصلہ بین الاقوامی امن اور دو ریاستی حل کے لیے کوششوں کو نقصان پہنچا رہا ہے، اور ایسے وقت میں جب بات چیت اور سفارت کاری کی ضرورت بڑھ گئی ہے، اسرائیل خود کو تنہا کر رہا ہے۔

آسٹریلیائی وزیر داخلہ ٹونی برک نے کہا کہ آسٹریلیا نفرت اور تفریق پھیلانے والوں کو ملک میں داخلے کی اجازت نہیں دے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی سیاستدان سمچا روتھمین پر تین سال کے لیے آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

یہ اقدامات آسٹریلیا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث بنے ہیں، خاص طور پر فلسطین کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر بڑھتے ہوئے سیاسی اختلافات کے تناظر میں۔

مزیدخبریں