پشاور: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر آج خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر روانہ ہو گئے۔ دورے کا آغاز سوات سے ہوا، جہاں وفاقی وزیر امیر مقام نے دونوں رہنماؤں کا استقبال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، سوات کے بعد وزیراعظم اور فیلڈ مارشل بونیر روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لیں گے اور متاثرین سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام اور احسن اقبال بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 350 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جن میں صرف بونیر سے 228 افراد شامل ہیں۔
دوسری جانب، این ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ادارے کے مطابق آج باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں، جن میں خیمے، کمبل، راشن بیگز، جنریٹرز، دوا اور ڈی واٹرنگ پمپس شامل ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق یہ امدادی سامان مقامی ضلعی انتظامیہ کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا۔ مزید برآں، این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور مختلف فلاحی اداروں کے تعاون سے خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں بھی امداد پہنچا رہا ہے۔