بیجنگ: چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں، اور دونوں ممالک ان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق چین اور پاکستان نہ صرف قریبی دوست ہیں بلکہ اہم علاقائی و عالمی امور پر بھی قابلِ اعتماد شراکت دار کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ وی آئندہ دنوں میں تین سال کے دوران دوسری بار پاکستان کا دورہ کریں گے، جسے ایک اہم سفارتی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک روابط، عملی تعاون، علاقائی ہم آہنگی اور بین الاقوامی سطح پر شراکت داری کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ یہ دورہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو مزید تقویت دینے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال جون میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا سرکاری دورہ کیا تھا، جب کہ رواں سال فروری میں صدرِ پاکستان بھی بیجنگ جا چکے ہیں۔ ان اعلیٰ سطحی روابط سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کی قیادت دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کے لیے سنجیدہ اور پُرعزم ہے۔