کابل: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک روزہ دورے پر کابل پہنچ گئے، جہاں وہ پاک-چین-افغانستان سہ فریقی مذاکرات کے چھٹے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے میں اسحاق ڈار کے ہمراہ نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں انسداد دہشت گردی، تجارت، علاقائی تعاون اور ترقی جیسے اہم امور پر تینوں ممالک کے درمیان مشاورت ہوگی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی قائم مقام افغان وزیر خارجہ سے ملاقات بھی طے ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ یہ سہ فریقی اجلاس پہلی بار افغانستان میں ہو رہا ہے، جس میں کابل میزبان ہے۔ افغانستان نے چین اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کو سلامتی، اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام کے موضوعات پر بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے۔
مذاکرات میں افغان امن و سلامتی، چین-پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کی توسیع، اور افغان سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں جیسے موضوعات پر بات چیت متوقع ہے۔ اجلاس میں اس سے قبل طے پانے والے نکات پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کے مطابق، چینی وزیر خارجہ کابل اجلاس کے بعد آج شام اسلام آباد پہنچیں گے جہاں وہ 21 اگست کو ہونے والے سالانہ پاک-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں شرکت کریں گے۔
یاد رہے کہ سہ فریقی فارمیٹ میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ کا آخری اجلاس 21 مئی کو بیجنگ میں منعقد ہوا تھا۔