وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ٹوکیو میں جدید اور تاریخی ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

09:29 PM, 20 Aug, 2025

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں میٹروپولیٹن ایکسپریس وے کے نیہوباشی سیکشن کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے تاریخی نیہوباشی پل کا بھی دورہ کیا، جو نہ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے خاص کشش رکھتا ہے بلکہ ٹوکیو اسٹیشن کو شہر کے مختلف اہم علاقوں سے ملانے والا اہم راستہ بھی ہے۔ نیہوباشی پل اپنی قدیم خوبصورتی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے مشہور ہے۔

نیہوباشی پل کی تاریخی شان کو برقرار رکھنے کے لیے جاپانی حکام نے اس کے نیچے ایک جدید انڈرگراؤنڈ ایکسپریس وے تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جسے اگلے چند سالوں میں مکمل کرنے کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ جاپان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت تیار کیا جا رہا ہے، جو حکومت اور نجی شعبے کے اشتراک کی بہترین مثال ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو نیہوباشی ایکسپریس وے کے ماحولیاتی فوائد اور اس کے ماحول دوست پہلوؤں سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف ٹریفک کے مسائل کا حل نکالنا بلکہ شہری ماحول کو بھی بہتر بنانا ہے۔

مزید برآں، انہوں نے "وسٹا" (VISTA) کے نام سے نیہوباشی ریڈیویلپمنٹ ہب کا بھی معائنہ کیا، جو تاریخی ورثے کو جدید شہری ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی ایک کوشش ہے۔

یہ دورہ پاکستان کے لیے ماڈرن اور ماحول دوست انفراسٹرکچر منصوبوں کی کامیاب مثالوں کو سمجھنے اور ان سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

مزیدخبریں