چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے

10:22 PM, 20 Aug, 2025

اسلام آباد:چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی پاکستان کے اہم سفارتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبالیہ تقریب میں وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران اور پاکستان میں چینی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر بچوں نے روایتی انداز میں چینی وزیر خارجہ کا استقبال کیا اور پھول پیش کیے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی کے جذبات کا اظہار ہوا۔

چینی وزیر خارجہ کا یہ دورہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر عمل میں آیا ہے۔ دورے کے دوران چھٹا پاک-چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں وانگ ژی چین جبکہ اسحاق ڈار پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ دونوں رہنما اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کریں گے۔

یہ اعلیٰ سطحی مذاکرات باہمی تعاون، علاقائی سلامتی، اقتصادی شراکت داری اور عالمی امور پر دوطرفہ مشاورت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں