اسلام آباد: حکمرانی کرتے ہوئے ناں ناں کرنے والے اپوزیشن میں آتے ہی جنوبی پنجاب صوبہ مانگنے لگے، شہباز شریف کہتے ہیں کہ جنوبی پنجاب صوبے کا پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا تو اب بل بھی لائے، اپوزیشن مکمل حمایت کرے گی۔ بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جس نے جنوبی پنجاب کے حوالے سےعملی اقدامات کئے، جیالے خورشید شاہ اور راجہ پرویز اشرف بھی پنجاب میں نئے صوبے کا کھل کر مطالبہ کر رہے ہیں۔
دوسری طرف جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پرحکومت کی آئیں بائیں شائیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ صوبےکےقیام کیلئے اتفاق رائے ضروری ہے، ن لیگ کےپاس دوتہائی اکثریت تھی صوبہ بناسکتی تھی، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں کہ تحریک انصاف نے نعرہ لگایا اور صوبہ بھی بنائے گی، شہبازشریف جواب دیں کہ انہوں نے اپنے دور میں صوبہ کیوں نہ بنایا؟ قومی اسمبلی میں عامر ڈوگر بولے کہ صوبے کیلئے اپوزیشن سنجیدہ ہے تو پھر قانون سازی میں مدد کرے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے اور بہاولپور کے صوبے کی بحالی کیلئے پرائیویٹ ممبر بل لانے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ حکومت کی طرف سے کہا گیا کہ یہ صرف سیاسی پوائنٹ اسکورننگ ہے، ن لیگ کی گزشتہ پانچ سال حکومت رہی ہے اس وقت ان کو یاد نہیں آیا،حکومتی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ہمیں خوشی ہو گی کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے لیکن بہاولپور میں ریفرنڈم کروا لیں آپ کو پتہ چل جائے گا کہ وہاں کی عوام کیا چاہتے ہیں۔
جمعرات کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس میں جنوبی پنجاب اور صوبہ بہاولپور کی بحالی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب اور صوبہ بہاولپور کے حوالے سے پنجاب میں قراردادیں جمع کروائی ہیں ہم اس حوالے سے ایک بل جمع کروائیں گے کہ ہم نے الیکشن میں وعدہ کیا تھا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے اور صوبہ بہاولپور بحال کیا جائے ہم حکومت کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے بل کی حمائت کریں، اب حکومت کا امتحان ہے کہ آگے آئے اور ساڑھے تین کروڑ عوام کی خواہشات کے مطابق ان کو ان کا حق مل سکے، پی ٹی آئی کی طرف سے بھی وعدہ کیا گیا تھا۔
عامر ڈوگر نے کہا کہ میرا تعلق جنوبی پنجاب سے ہے جنوبی پنجاب صوبہ لازم ملزوم ہے، جنوبی پنجاب کے ساتھ اب بہاولپور کا نام بھی شامل کر دیا ہے یہ اس ایشو کو ٹوسٹ کر رہے ہیں، بہاولپور تین ضلعوں کا صوبہ ہے ہم جنوبی پنجاب میں سول سیکرٹریٹ کا قیام عمل لارہے ہیں یہ پرائیویٹ بل سے صوبہ نہیں بننے والا ہے، اگر انہوں نے بنانا ہوتا تو ان کی گزشتہ حکومت انہوں نے کیوں نہیں بنایا اس پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم اس پر پوائنٹ سکورننگ نہیں کر رہے اگر حکومت بل لانا چاہتی ہے تو لائے ہم سپورٹ کریں گے صوبہ بہاولپور کو بحال کرنا ہے۔