اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 700 ملین ڈالر کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم پاکستان کے پبلک ریسورسز فار انکلوژو ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد میکرو اکنامک استحکام اور عوامی خدمات کی بہتری ہے۔
عالمی بینک کے مطابق، اس پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 1.35 ارب ڈالر تک فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔ اس میں سے 600 ملین ڈالر وفاقی حکومت کے لیے اور 100 ملین ڈالر سندھ کے لیے منظور کیے گئے ہیں۔ فنڈز کی فراہمی اصلاحاتی اہداف کے کامیاب حصول سے مشروط ہوگی۔
عالمی بینک نے کہا کہ اس پروگرام سے سندھ میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں وسائل میں اضافہ متوقع ہے۔ مزید برآں، اصلاحات کی بدولت شفافیت اور عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ٹیکس نظام میں بہتری، مالیاتی نظم و نسق کی شفافیت اور سروس ڈیلیوری میں بہتری پر مرکوز ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل ڈیٹا اور مالیاتی نظام کی بہتری کی کوششیں کی جائیں گی۔
یہ پروگرام آئی ایم ایف کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسلٹی کے تحت کی جانے والی اصلاحات سے ہم آہنگ ہے، اور اس کا مقصد پاکستان کی مالی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔