کراچی: کراچی میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے بھتہ خوری کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کر دی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سال 2025 کے دوران شہر بھر میں بھتہ خوری کے کل 171 مقدمات درج ہوئے، جن میں سے 75 کیسز کی تحقیقات کے بعد اصل بھتہ خوری کے طور پر ثابت ہوئے۔ باقی کے 96 کیسز لین دین، زمین و پلاٹ کے تنازعات، ذاتی جھگڑے، لڑائیاں اور دیگر معاملات سے متعلق پائے گئے۔
رپورٹ کے مطابق، ان 75 اصل بھتہ خوری کے کیسز میں سے 71 کو ٹریس کر لیا گیا، جس سے اس سال کیسز کی ٹریسنگ کی شرح 95 فیصد رہی۔ ان کیسز میں مجموعی طور پر 128 افراد کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔
ایس آئی یو کے مطابق، بھتہ خوری میں ملوث 6 ملزمان پولیس مقابلوں میں مارے گئے، جبکہ 14 مزید ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ 2025 میں بھتہ خوری میں ملوث 91 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو/سی آئی اے کراچی کے ترجمان نے کہا کہ شہر میں بھتہ خوری کا قلع قمع کرنے کے لیے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔