اسلام آباد : اسلام آباد اور راولپنڈی میں پولیس، رینجرز، سی ٹی ڈی، لیڈی پولیس اور انٹیلیجنس اداروں نے مشترکہ طور پر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا، جس کے دوران مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی اور شناختی جانچ کا عمل مکمل کیا گیا۔
اسلام آباد کے علاقے ترنول میں 165 گھروں کی تلاشی لی گئی اور 570 افراد کی شناختی جانچ کی گئی۔ اس دوران 74 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بھی چیکنگ کی گئی، جس میں 51 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 16 افغان شہری اور 35 مشتبہ افراد شامل ہیں۔
راولپنڈی میں بھی مشترکہ آپریشن کے دوران 120 افراد اور 50 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 15 گاڑیوں اور 10 موٹر سائیکلوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ 11 افراد بغیر کرایہ نامہ کے رہائش پذیر پائے گئے، جنہیں رجسٹریشن کی ہدایت کے بعد رہا کر دیا گیا۔
راولپنڈی ڈسٹرکٹ کے علاقے دھوک کشمیریاں اور تھانہ صادق آباد کی حدود میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا، جہاں رہائشی دستاویزات کی جانچ کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ غیر قانونی رہائش کو روکا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان آپریشنز کا مقصد جرائم پیشہ افراد اور غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانا ہے، اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔