ایپل کی اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی وئیر ایبل ڈیوائسز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی

03:50 PM, 20 Feb, 2026

کیلیفورنیا: ایپل کی جانب سے آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی وئیر ایبل ڈیوائسز کو متعارف کرانے کی تیاری کی جا رہی ہے، جن میں اسمارٹ گلاسز، اے آئی پن اور ایڈوانسڈ ایئر پوڈز شامل ہوں گے۔ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق، یہ ڈیوائسز رواں سال کے آخر تک یا 2027 میں کسی وقت متعارف کرائی جا سکتی ہیں۔

ان ڈیوائسز کی تیاری پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے اور ماضی میں ان کے بارے میں کئی لیکس بھی سامنے آ چکی ہیں۔ ایپل نے حال ہی میں گوگل سے معاہدہ کیا تھا جس کے تحت جیمنائی کو ایپل کے اے آئی کے لیے استعمال کیا جائے گا، اور یہ امکان ہے کہ ان وئیر ایبل ڈیوائسز میں بھی جیمنائی کو استعمال کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق، ایپل کے اے آئی گلاسز میٹا رے بین گلاسز کی طرح ڈسپلے فری ہوں گے، مگر ان میں کیمرے، مائیکروفونز اور اسپیکرز نصب ہوں گے۔ ان میں دو کیمروں کو شامل کرنے کا امکان ہے، جو میٹا کے رے بین گلاسز کے سائز کے ہوں گے۔

ایپل کے اے آئی ایئر پوڈز میں انفرا ریڈ کیمروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے، جو تصاویر لینے کی بجائے ہاتھوں کی حرکت کو ٹریک کریں گے۔ ان کا ڈیزائن ایئر پوڈ پرو 3 جیسا ہو سکتا ہے۔

اس کے علاوہ، اے آئی پن میں کیمرے موجود ہوں گے اور اسے 2027 میں پیش کیے جانے کی توقع ہے، مگر اس حوالے سے ابھی تک تفصیلات کم ہی فراہم کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں