پی ٹی آئی سے کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، افغانستان میں فضائی کارروائی سے نہیں ہچکچائیں گے: وزیر دفاع خواجہ آصف کا دو ٹوک اعلان

05:39 PM, 20 Feb, 2026

اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی قسم کے سمجھوتے کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ 'ڈیل یا ڈھیل' کی تمام باتیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ جنگ کے امکان اور افغانستان سے ہونے والی دہشت گردی کے خلاف سخت ترین ردعمل کا انتباہ بھی جاری کر دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی سطح پر ڈیل سے متعلق کوئی گفتگو نہیں ہو رہی۔ پی ٹی آئی ایسی باتیں صرف اپنے کارکنوں کو 'آسرا' دینے کے لیے کر رہی ہے۔
انہوں نے اشارہ دیا کہ ممکن ہے کچھ لوگوں نے جیل میں سہولتوں کے حصول کے لیے حکومت یا متعلقہ حلقوں سے رابطہ (Approach) کیا ہو، لیکن سیاسی سطح پر کوئی رعایت نہیں دی جا رہی۔ خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ بھارت کے ساتھ جنگ کا امکان اب بھی موجود ہے اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہوئی تو پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے افغانستان میں فضائی کارروائی کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ واشنگٹن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا  وزیراعظم کا حالیہ دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا ہے جس سے پاکستان کا سفارتی وقار بلند ہوا ہے۔ واشنگٹن میں منعقدہ 'غزہ پیس بورڈ' میں مسلم ممالک کی بھرپور شرکت سے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔
وزیر دفاع کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت داخلی سیاسی محاذ پر پی ٹی آئی کے خلاف سخت موقف برقرار رکھے ہوئے ہے، جبکہ سرحد پار دہشت گردی اور علاقائی خطرات سے نمٹنے کے لیے جارحانہ دفاعی حکمت عملی اپنا لی گئی ہے۔

مزیدخبریں