ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر آن لائن رقم ادائیگی کی سہولت متعارف

Introduces online payment facility on video sharing app TikTok
کیپشن: فائل فوٹو

بیجنگ: دنیا بھر میں مشہور ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے صارفین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب کمپنی کی جانب سے رقوم کی ادائیگی آن لائن طریقے سے کی جائے گی۔

اس بات کا اعلان ٹک ٹاک کے سربراہ بائٹ ڈانس کی جانب سے جاری بیان میں کیا گیا ہے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ فی الحال ہماری کمپنی نے صارفین کو رقوم کی ادائیگی کیلئے خود کو ڈوین پے سروس سے منسلک کیا ہوا ہے، اس کے ذریعے صارفین کو والٹ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ٹک ٹاک کے سربراہ بائٹ ڈانس کا کہنا تھا کہ کمپنی امید کرتی ہے کہ صارفین کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے حالیہ اقدام سے ان کو رقوم کی ادائیگی میں آسانی ہوگی اور کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ابھی فی الحال یہ سروس صرف ہمارے ملک چین کے صارفین کیلئے ہی میسر ہوگی، اس کے بعد بتدریج اسے دنیا بھر میں پھیلا دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ٹک ٹاک کی جانب سے اس سروس کی فراہمی کے بعد صارفین کسی قسم کی بھی اشیا کو خرید سکیں گے۔ ان کی ادائیگی کیلئے انھیں صرف آرڈر کرنا پڑے گا، ان کے اکاؤنٹ میں موجود رقم خود بخود چیزیں فروخت کرنے والے کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہو جائیں گی۔

بائٹ ڈانس کی جانب سے ایک اور اعلان بھی کیا گیا ہے جس میں انہوں نے صارفین کو خوشخبری دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ٹک ٹاکر اچھی ویڈیو بنائے گا اسے اب اشتہارات اور رقوم کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاک دنیا بھر میں سب سے زیادہ مشہور اور نوجوانوں کی پسندیدہ ویڈیو شیئرنگ ایپ ہے۔ اس ایپ کے دلداہ اپنی مختصر ویڈیوز اس پر شیئر کرکے اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔