مشی گن میں شدید برفانی طوفان، 100 سے زائد گاڑیاں ٹکراگئیں

10:12 AM, 20 Jan, 2026

مشی گن :امریکہ کی ریاست مشی گن میں شدید برفانی طوفان کے باعث ایک شاہراہ پر 100 سے زائد گاڑیاں، جن میں کم از کم 30 بھاری ٹرک شامل تھے، خوفناک چین ری ایکشن حادثے کا شکار ہو گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں موٹروے مکمل طور پر بند ہو گئی اور کئی گاڑیاں الٹ گئیں یا سڑک کے کناروں پر پھسل گئیں۔

مشی گن سٹیٹ پولیس کے مطابق حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں، تاہم کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ برفباری کے سبب وہاں پھنسے مسافروں کو بسوں کے ذریعے قریبی ہائی اسکول منتقل کیا گیا، جہاں عارضی پناہ کا انتظام کیا گیا۔

ڈرون فوٹیج میں دیکھا گیا کہ ہائی وے انٹر اسٹیٹ 196 مکمل برف سے ڈھکی ہوئی ہے، اور 40 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے سڑک صاف کرنے اور گاڑیاں ہٹانے میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

ادھر امریکہ کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید سردی اور برفانی طوفان جاری ہیں۔ نیشنل ویدر سروس نے شمالی مینیسوٹا، وسکونسن، انڈیانا، اوہائیو، پنسلوانیا اور نیویارک کے لیے وارننگ جاری کی ہے، جبکہ فلوریڈا پین ہینڈل میں بھی غیر معمولی برفباری دیکھی گئی ہے۔

مزیدخبریں