واشنگٹن:امریکی جنگی طیاروں کی گرین لینڈ آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ امریکی اور کینیڈین دفاعی ادارے نوراڈ (NORAD) نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی جنگی طیارے جلد گرین لینڈ میں قائم امریکی فوجی اڈے پر پہنچ جائیں گے۔
نوراڈ کے مطابق اس منصوبے سے گرین لینڈ کی حکومت کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے، جبکہ طیاروں کی تعیناتی کے لیے ڈنمارک حکومت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ دفاعی ادارے نے بتایا کہ امریکی فورسز کو تمام ضروری سفارتی اجازت نامے بھی حاصل ہیں۔
واضح رہے کہ گرین لینڈ ڈنمارک کا خود مختار علاقہ ہے اور 1951 میں امریکا اور ڈنمارک کے درمیان دفاعی معاہدہ طے پایا تھا، جس کے تحت امریکا نے گرین لینڈ کو ممکنہ جارحیت سے تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری لی تھی۔
اس کے علاوہ امریکا اور کینیڈا نے 1958 میں سرد جنگ کے دوران مشترکہ دفاعی معاہدہ نوراڈ پر دستخط کیے تھے، جس کا مقصد بیلسٹک میزائل حملوں کی بروقت اطلاع اور فضائی دفاع کو یقینی بنانا ہے۔