ہندو قوم پرستی بھارت کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے، چین

ہندو قوم پرستی بھارت کو جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے، چین

بیجنگ: چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ہندو قوم پرستی بھارت کو چین کے ساتھ جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے اور اس میں مودی ہندو قوم پرستی کے احساسات کو ابھارنے میں ایندھن کا کام کر رہے ہیں۔ چین کے سرکاری اخبار گلوبل ٹائمز میں شائع ہونے والے آرٹیکل میں بھارتی وزیر اعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مودی کے ہندو قوم پرستی کے فوبیا کے بعد یہ مطالبات کئے جا رہے ہیں کہ چین سے انتقام لیا جائے اور یہی وجہ ہے کہ حالات بارڈر پر بھی کشیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔

آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ مودی نے بھارتی الیکشن کے دوران ہندو قوم پرستی کے احساسات کو بھڑکانے کے لئے ایندھن کا کام کیا ہے اور اس کا فائدہ حاصل کر کے وہ اقتدار میں آئے۔ آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ ایک طرف بھارت معاشی بہتری کا راگ الاپ رہا ہے اور دوسری جانب قدامت پسندی بھی بڑھ رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ان کی ہندو قوم پرست پالیسیوں کے نتیجے میں آج نئی دہلی میں ہمسایہ ممالک باالخصوص پاکستان اور چین کے ساتھ سخت پالیسی اختیار کی گئی ہیں اور سرحدوں پر کشیدگی بڑھائی جا رہی ہے۔

آرٹیکل میں کہا گیا ہے کہ اس وقت جو چین کے ساتھ سرحدی تنازع کھڑا کیا گیا اس کا مقصد چین کو ہدف بنانا ہے۔ چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سکم کے معاملے پر دونوں ممالک کے درمیان تنازع چلا آ رہا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت اس تنازع میں بلاوجہ الجھ رہا ہے اصل تنازع چین بھوٹان کا ہے۔

ذرائع ابلاغ کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے ان اقدامات کے باعث دونوں ممالک جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے دفاعی مبصرین بھی اس بات کا اعتراف کر رہے ہیں اگر صورت حال کا بروقت ادراک نہ کیا گیا تو دونوں ملک بڑی تباہی سے دو چار ہو سکتے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں