مون سون بارشوں نے سندھ کا رخ کر لیا، کراچی سمیت کئی شہروں میں شدید بارش سے حالات خراب

11:16 AM, 20 Jul, 2025

کراچی: مون سون بارشوں نے سندھ کا رخ کر لیا ہے جس کے باعث کراچی اور دیگر شہروں میں آج موسلادھار بارش ہوئی جس سے زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ صبح سویرے کراچی کے مختلف علاقوں جیسے سکیم 33، گڈاپ، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، شاہ فیصل کالونی، ایئرپورٹ کے گردونواح، طارق روڈ اور بلوچ کالونی میں بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں۔

کراچی کے نشیبی علاقے اور گلی محلوں میں پانی جمع ہو گیا ہے اور کئی جگہوں پر بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ہے۔ سندھ کے دیگر شہروں جیسے حیدرآباد، میرپور خاص، ٹھٹھہ، مکلی، سکھر، میرپور ماتھیلو، کندھ کوٹ، خیرپور ناتھن شاہ اور ہری پور میں بھی شدید بارش کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

بارش کے سبب ٹریفک شدید متاثر ہوئی ہے، کئی علاقے پانی میں ڈوب گئے ہیں اور شہری اپنے گھروں میں محصور ہو گئے ہیں۔ امدادی اداروں کو بھی ریسکیو میں مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ، پنجاب، بلوچستان اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

سندھ حکومت نے بھی بارشوں کے دوران ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے بلدیاتی اداروں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ سینئر وزیر شرجیل میمن نے بتایا کہ نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کے لیے ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے پرانے شہر کے علاقوں میں 59 خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ٹیم شہر بھر میں ان عمارتوں کا سروے کر رہی ہے تاکہ ایسے مکانات کا پتہ لگایا جا سکے جو شہریوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان میں سے 41 انتہائی خطرناک عمارتوں کو خالی کرا کر سیل کر دیا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں