عالیہ بھٹ نے سخاوت کی مثال قائم کردی، ڈرائیور اور ملازمہ کو سالگرہ پرتحفے میں گھر دلوادیا

03:37 PM, 20 Jul, 2025

ممبئی:  بالی وڈ کی نامور اور سپر ہٹ اداکارہ عالیہ بھٹ نے اپنی سخاوت اور انسانی ہمدردی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے اپنے قریبی اسٹاف کو ایسا تحفہ دیا جس نے سب کو حیران کر دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عالیہ بھٹ نے سال 2019 میں اپنی سالگرہ کے موقع پر اپنے دیرینہ ڈرائیور سنیل اور گھریلو ملازمہ امول کو 50،50 لاکھ روپے بطور تحفہ دیے، تاکہ وہ اپنی زندگی کا سب سے بڑا ذاتی گھر کا مالک بننے کا خواب  پورا کر سکیں۔

رپورٹس کے مطابق یہ دونوں ملازمین 2012 سے عالیہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور اداکارہ انہیں اپنے خاندان کا فرد تصور کرتی ہیں۔ اسی محبت اور اعتماد کے جذبے کے تحت عالیہ بھٹ نے یہ بڑی رقم انہیں تحفے میں دی، جس کے ذریعے دونوں نے ممبئی جیسے مہنگے شہر میں اپنے ذاتی گھر خرید لیے۔

اداکارہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالیہ اپنے عملے سے نہایت محبت و احترام سے پیش آتی ہیں اور ہمیشہ کوشش کرتی ہیں کہ ان کی زندگیوں میں بہتری آئے۔ ان کے اس عمل کو مداحوں سمیت شوبز حلقوں میں بھی خوب سراہا جا رہا ہے۔

عالیہ بھٹ کی یہ سخاوت اس بات کا ثبوت ہے کہ کامیابی کے ساتھ اگر انسان کے دل میں انسانیت اور قدر شناسی بھی ہو تو وہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی لا سکتا ہے۔

مزیدخبریں