راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں قلات اور پہرود میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
قلات میں کی گئی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 4 دہشتگرد مارے گئے۔ آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ ہلاک دہشتگرد متعدد دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
دوسری جانب پہرود کے علاقے میں 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب دہشتگردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع پر فورسز نے کارروائی کی، جس میں فتنہ الہندوستان کے مزید 4 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ ان کے قبضے سے تنظیم کا جھنڈا، اسلحہ اور دیگر مواد برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اور سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان نے حالیہ دنوں میں بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، اور اب ان کے باقی ماندہ عناصر اور سہولت کاروں کو بھی جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔