کاغان: وادی کاغان میں کلاؤڈ برسٹ کے باعث گراں نالے میں شدید طغیانی آ گئی، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر نقصان کی اطلاعات ہیں۔ سیلابی ریلے نے درجنوں ہوٹلز، دکانوں، گھروں اور فش فارمز کو متاثر کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق تیز بہاؤ کے باعث 4 لکڑی کے اور 2 کنکریٹ کے پل بھی بہہ گئے، جس سے درمیانہ گاؤں کا وادی کاغان سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔
سیلابی صورتحال کے باعث وادی کاغان جانے والے سیاحوں کی 25 گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، جبکہ شاہراہ کاغان کو حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب مانسہرہ اور بالائی علاقوں میں دوسرے روز بھی شدید بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث مقامی انتظامیہ اور امدادی ادارے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں