سعودی عرب کا بڑا اقدام، ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف

06:45 PM, 20 Jul, 2026

ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کراتے ہوئے ایک سال کی مدت والا ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے بتایا ہے کہ اس نئے ویزے کے ذریعے زائرین ایک سال کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔

وزارت کے مطابق ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا رکھنے والے افراد کو سال بھر میں مجموعی طور پر 90 دن تک مملکت میں قیام کی اجازت ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد عمرہ زائرین کے لیے سفر کو آسان بنانا اور مذہبی سیاحت کو فروغ دینا ہے۔

اس سے قبل سعودی حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے لازمی کیٹرنگ فیس کو عمرہ ویزا فیس کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا ابتدائی اطلاق پاکستان، بھارت، بنگلا دیش اور مصر سے آنے والے زائرین پر کیا جائے گا۔

نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال نسک میل واؤچر کے لیے وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم الگ سے لینے کے بجائے ویزا فیس میں شامل کی جائے گی، جیسا کہ نسک پلیٹ فارم کے ذریعے لازمی ٹرانسپورٹ سروسز کی فیس وصول کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ نظام یکم ربیع الاول سے نافذ کیا جائے گا، جبکہ زائرین کو کھانے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 10 ہزار سے زائد ریستورانوں کو نسک ایپ سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت ہر عمرہ زائر کو ویزا جاری ہونے سے پہلے ایک منفرد بی آر این میل کوڈ فراہم کیا جائے گا، جو اس کے ویزا سے منسلک ہوگا۔ زائرین اپنے قیام کے دوران اسی کوڈ کے ذریعے منظور شدہ ریستورانوں سے کھانا حاصل کر سکیں گے۔

حکام کے مطابق واؤچر کی رقم زائر کے قیام کے دورانیے کے حساب سے مقرر کی جائے گی، جبکہ ویزا جاری ہونے سے قبل اس کی تصدیق بھی مکمل کی جائے گی۔
 
 
 
 

مزیدخبریں