گلگت: پاکستان کی 8 خواتین کوہ پیماؤں نے 6 ہزار 400 میٹر بلند خسرگنگ چوٹی سر کر کے ملکی کوہ پیمائی میں ایک نیا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
وادئ شگر میں الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے منعقد کی گئی دوسری ویمنز خسرگنگ مہم کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ الپائن کلب کے مطابق کامیاب مہم میں گلگت بلتستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی خواتین کوہ پیماؤں نے حصہ لیا۔
مہم کی قیادت معروف کوہ پیما بی بی افزون نے کی، جنہوں نے ٹیم کو دشوار گزار راستے پر رہنمائی فراہم کی۔
کامیاب مہم کے دوران تکنیکی معاونت ملک کے تجربہ کار ہائی آلٹیٹیوڈ گائیڈز علی محمد سدپارہ، صادق حسین سدپارہ اور الیاس ہشے نے فراہم کی، جبکہ چوٹی تک رسائی کے لیے روپ فکسنگ کی ذمہ داریاں قائد شگری نے انجام دیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل ایاز شگری نے مہم کی کامیابی پر تمام خواتین کوہ پیماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی پاکستانی خواتین کے عزم، حوصلے اور صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خسرگنگ چوٹی کی کامیاب سرمائی خواتین کوہ پیمائی کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے، جس سے ملک میں خواتین کو ایڈونچر اسپورٹس کے میدان میں آگے بڑھنے کی مزید حوصلہ افزائی ملے گی۔
ایاز شگری نے مزید کہا کہ الپائن کلب آف پاکستان مستقبل میں بھی خواتین کوہ پیماؤں کو قومی اور عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے بہتر مواقع فراہم کرتا رہے گا۔