پہلگام واقعہ کے بھارت کے پاس کوئی ثبوت نہیں ، سابق سربراہ "را"

10:18 AM, 20 Jun, 2025

 نئی دہلی :  بھارت کی خفیہ ایجنسی 'را' کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ نے اعتراف کیا ہے کہ پہلگام واقعے کے حوالے سے بھارت کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں۔  انہوں نے پاکستان کے مثبت کردار، علاقائی امن کے لیے کوششوں اور مہمان نوازی کی کھل کر تعریف کی۔

امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے میں ملوث افراد جنگل میں غائب ہو گئے اور اس حملے کے بارے میں بھارت کے پاس ایسا کوئی ثبوت نہیں جو پاکستان کو ذمہ دار ٹھہرا سکے۔

انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے حالیہ دورۂ امریکہ اور  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ "یہ سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ پاکستانی قیادت کو اب نئی دہلی کا بھی دورہ کرنا چاہیے۔"

بھارت کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے امرجیت سنگھ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کرتا رہا ہے، اور حالیہ سفارتی روابط بھی اسی کوشش کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ مسائل بات چیت سے حل ہونے چاہئیں۔

سابق را چیف نے اعتراف کیا کہ پاکستانی میڈیا اور شخصیات پر بھارت کی جانب سے لگائی گئی پابندیاں زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہیں گی، کیونکہ مکالمے کے دروازے بند کرنا مسائل کا حل نہیں۔

اپنے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا، "میں واحد را چیف ہوں جو ریٹائرمنٹ کے بعد چار مرتبہ پاکستان جا چکا ہوں، اور میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کی مہمان نوازی کا دنیا میں کوئی ثانی نہیں۔"

مزیدخبریں