کراچی : پاکستان ٹیلی ویژن کی معروف اور سینئر اداکارہ عائشہ خان طویل فنی خدمات کے بعد 77 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے قریبی حلقے سے تعلق رکھنے والی تہمینہ خالد نے تصدیق کی ہے کہ اداکارہ کا انتقال پانچ روز قبل کراچی میں ہوا۔
عائشہ خان نے اپنے فنی کیریئر میں کئی یادگار اور کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں افشاں، عروسہ، فیملی 93 اور مہندی جیسے مقبول ڈرامے شامل ہیں۔ ان کی سنجیدہ اداکاری اور وقار بھرے انداز نے انہیں ناظرین کے دلوں میں ایک خاص مقام دلایا۔
عائشہ خان، نامور اداکارہ خالدہ ریاست کی بڑی بہن تھیں۔ دونوں بہنیں پاکستان کے ٹیلی وژن ڈراموں میں نمایاں مقام رکھتی تھیں۔
ان کے انتقال سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری ایک باوقار اور سادہ طبع فنکارہ سے محروم ہو گئی ہے۔ فن، سادگی اور وقار کا حسین امتزاج رکھنے والی عائشہ خان کی یادیں مدتوں مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔