وزیراعظم نے پی این ایس سی کے بیڑے میں اضافہ کے لیے لیز پر بحری جہاز لینے کی ہدایت کردی

12:50 PM, 20 Jun, 2025

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (PNSC) کے بیڑے کو وسعت دینے کے لیے لیز پر نئے بحری جہاز لینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

یہ ہدایت وزیراعظم کی زیر صدارت PNSC کے امور پر ہونے والے ایک اہم اجلاس میں دی گئی، جس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انور چوہدری، اور شپنگ کارپوریشن کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔

اجلاس میں وزیراعظم کو ادارے کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، جس کے مطابق پی این ایس سی کے پاس اس وقت 10 بحری جہاز موجود ہیں، جو مختلف اقسام کا سامان اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مجموعی طور پر 7 لاکھ 24 ہزار 643 ٹن کارگو لے جا سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جہازوں کی تعداد کم ہونے کی وجہ سے پاکستان کو سمندری تجارت کے لیے سالانہ 4 ارب ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ بیرونِ ملک بھیجنا پڑتا ہے۔ یہ ملکی خزانے پر بھاری بوجھ ہے، جسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ دو ہفتے کے اندر اندر PNSC کا ایک جامع بزنس پلان پیش کیا جائے، جس میں بیڑے میں اضافے، لیز پر جہاز لینے اور زرمبادلہ کے نقصان کو کم کرنے کا واضح لائحہ عمل شامل ہو۔

مزیدخبریں