گورنر ہاؤس کے دفتر پر تالے، قائم مقام گورنر سندھ اور کامران ٹیسوری میں تلخی، سندھ ہائیکورٹ نے دفتری رسائی کی اجازت دے دی

04:49 PM, 20 Jun, 2025

کراچی: قائم مقام گورنر سندھ اویس قادر شاہ مبینہ طور پر گورنر ہاؤس کا دفتر نہ کھولے جانے کے باعث امن و امان سے متعلق اجلاس منعقد نہیں کر سکے۔ شدید برہمی کے بعد انہوں نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا، جس نے انہیں دفتر استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے واقعے کی تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔
قائم مقام گورنر نے آج گورنر ہاؤس میں امن و امان کے اجلاس کی دعوت دی تھی، جس میں وزیر داخلہ، آئی جی سندھ، چاروں ڈی آئی جیز اور دیگر حکام شریک ہونے والے تھے، لیکن دفتر کا عملہ دفتر کھولنے سے انکار کر گیا۔ اویس قادر شاہ نے اسے آئینی اختیارات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا۔
بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے قائم مقام گورنر کو گورنر ہاؤس میں داخلے کی اجازت دی اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی چابیاں باہر لے جانے کے حوالے سے انکوائری کا حکم دیا ہے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ قائم مقام گورنر کی طرف سے غلط فہمی ہوئی اور ان کے لیے علیحدہ دفتر پہلے سے تیار تھا۔

مزیدخبریں