قاہرہ: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار مصر کے دارالحکومت قاہرہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ اتوار کے روز ہونے والے ریجنل وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
قاہرہ آمد پر اسحاق ڈار کا استقبال پالیسی پلاننگ، ریسرچ، کرائسز مینجمنٹ اور اسیسمنٹ کے معاون وزیر خارجہ نزیہ النگری اور مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے کیا۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار کی کانفرنس کے موقع پر اپنے ہم منصب وزرائے خارجہ سے الگ الگ دوطرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔
اجلاس میں مصر، سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے، جس میں خطے کی صورتحال، امن و سلامتی اور علاقائی استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں شریک ممالک پہلے ہونے والی بات چیت کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کریں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے بھی ملاقات ہوگی جبکہ وہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے بھی ملاقات کریں گے۔
بات چیت میں پاکستان اور مصر کے تعلقات کو مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امور پر مشاورت بھی شامل ہوگی۔
پاکستان نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیا ہے۔
R-4 فریم ورک رکن ممالک کے درمیان مکالمے، تعاون اور خطے میں امن و ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔