اپنے دور میں نیب کے قانون کو ختم نہ کرنا غلطی تھی، بلاول بھٹو

اپنے دور میں نیب کے قانون کو ختم نہ کرنا غلطی تھی، بلاول بھٹو
کیپشن: 2002 میں نیب کو پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے بنایا گیا تھا، بلاول بھٹو۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نیب دفتر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ یہ ہماری غلطی ہے کہ اپنے دور میں نیب کے کالے قانون میں تبدیلی نہیں لائے تاہم مستقبل میں آئین سے آمر کا ہر ڈالا گیا کالا قانون نکال دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2002 میں نیب کو پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ چوری کرنے کے لیے بنایا گیا تھا اور نیب پرویز مشرف کا بنایا ہوا ادارہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا اور کٹھ پتلی حکومت کا مقابلہ بھی کریں گے۔ جے آئی ٹی، نیب یا کٹھ پتلی حکومت سے ملنے والے نوٹس سے نہیں ڈرتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آج جس کمپنی کے کیس میں مجھے بلایا گیا اس کے قیام کے وقت میں ایک سال سے بھی کم عمر کا تھا۔ جب ہم کالعدم تنظیموں کے خلاف بات کرتے ہیں تو ہمیں نوٹس ملتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم تنظیموں کا ساتھ دینے والے تین وزیروں کو وفاقی کابینہ سے نکالا جائے۔ ہم کٹھ پتلی حکومت کو للکارتے رہیں گے کالعدم تنظیموں کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی بحران کے خلاف آواز اٹھا رہا ہوں جبکہ جو معاشی دہشتگردی اور کسانوں کا معاشی قتل ہو رہا ہے اس کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔