عمران خان کے دن گنے جا چکے، آئین توڑنے پر سپیکر کو آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑے گا: مسلم لیگ ن 

06:48 PM, 20 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دن گنے جا چکے ہیں ۔ اپوزیشن کی عدم اعتماد تحریک کی حمایت کرنے والے کسی حکومتی رکن نے وزارت مانگی نہ کسی سے مفاد کا سودا ہوا۔ 

اسلام آباد میں احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان ہم پر ضمیر فروشی کا الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں جنہوں نے بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی پر ساڑھے تین ارب خرچ کیے، جی بی الیکشن میں اربوں خرچ ہوئے۔ پی ٹی آئی کے اپنے الیکشن میں پیسا چلا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کو لٹکایا نہیں جا سکتا آپ کو اس کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ملک کی ترقی کا ایک ہی راستہ ہے کہ عمران خان کو ہٹا کر فوری نئے انتخابات کرائے جائیں۔ 14 دن کے اندر قومی اسمبلی کا اجلاس نہ بلا کر آئین کی خلاف ورزی کی جا ر ہی ہے۔ 

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جو آئین توڑے گا وہ سپیکر ہو ،وزیراعظم ہو یا کوئی اور اسے آرٹیکل 6 کا سامنا کرنا پڑے گا۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم اپنی گندی سیاست بچانے کے لیے اسلام کا نام استعمال کر رہے ہیں۔ عمران خان نے قوم کو گمراہ کیا اور عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔ گھبرائے نہیں صبر کے ساتھ اپنی شکست قبول کریں۔ 

مزیدخبریں