اسرائیلی فورسز کا اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ، غیر ملکی اہلکار ہلاک، 5 زخمی

11:13 AM, 20 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ : غزہ کے علاقے دیر البلح میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں اقوام متحدہ کا ایک غیر ملکی اہلکار ہلاک اور پانچ دیگر افراد شدید زخمی ہوگئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق غزہ کی وزارت صحت نے ایک بیان میں کہا کہ زخمیوں کو دیر البلح کے شہدائے الاقصیٰ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی دم توڑ گیا۔ اسرائیلی فوج نے دیر البلح میں اقوام متحدہ کی کسی بھی عمارت پر حملے کے الزامات کو مسترد کیا اور میڈیا سے درخواست کی کہ وہ غیر مصدقہ رپورٹس پر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

عرب میڈیا اور عالمی خبررساں ایجنسیوں نے زخمی غیر ملکیوں کو اقوام متحدہ کی گاڑی اور ایمبولینس میں ہسپتال منتقل ہوتے ہوئے دکھایا۔ غزہ کے سرکاری دفتر کی جانب سے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی اور اسے فلسطینی عوام کی مدد روکنے کے لیے اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں کو نشانہ بنانے کی ایک منظم پالیسی قرار دیا گیا۔ بیان میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس جرم پر سخت اور واضح مؤقف اختیار کرے اور اسرائیل کو فوری طور پر جوابدہ ٹھہرائے۔

مزیدخبریں