وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا نوروز کے موقع پر پیغام

01:45 PM, 20 Mar, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نوروز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن موسم بہار کی آمد اور فطرت کی تجدید کی علامت ہے۔

 انہوں نے دنیا بھر میں نوروز منانے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن انسان کو دی گئی بے شمار نعمتوں کا شکر گزار ہونے اور نئے سال کے لیے اپنی امیدوں اور خواہشات کا اظہار کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ وقت نئے سال کو نئی امیدوں اور امنگوں کے ساتھ خوش آمدید کہنے کا ہے، اور اس خوشی کے موقع پر وہ پاکستان میں نوروز منانے والے تمام افراد، خاص طور پر پارسی برادری کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اس نوروز کو باہمی اختلافات کو ختم کرنے، شمولیت کے فروغ، اور اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا دن بنانا چاہیے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوروز ایک عالمی پیغام ہے جو مسرت، امن، اور خوشحالی کی خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر میں نوروز منانے والی اقوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایران، افغانستان، تاجکستان، ترکمانستان، عراق، آذربائیجان اور پاکستان بھی اس جشن میں شریک ہیں۔

 مریم نواز نے کہا کہ نوروز کا پیغام امید اور خوشی کا ہے، اور یہ تہوار مختلف ثقافتوں اور روایات کو اجاگر کرتا ہے۔ ان کے مطابق، نوروز خاندانوں، برادریوں اور قوموں کے درمیان تعلقات کو مضبوط کرنے کا ذریعہ ہے۔

مزیدخبریں