اسلام آباد / تہران : صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے نوروز کے موقع پر پاکستانی قوم اور خطے کے تمام عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس دن کو امید اور روشنی کی علامت قرار دیا ہے۔ تاہم، انہوں نے عالمی تنازعات اور جنگ زدہ علاقوں میں انسانی المیے پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوروز بنیادی طور پر تجدیدِ نو اور اندھیروں پر روشنی کی فتح کا دن ہے، لیکن آج کئی خطوں میں حالات اس کے برعکس ہیں۔ صدر نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں ان لوگوں کے ساتھ ہیں جو انتہائی کٹھن اور مشکل حالات میں نوروز منا رہے ہیں۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جنگ زدہ علاقوں میں بہار خوشیوں کے بجائے درد لے کر آئی ہے، جہاں پھولوں کے بجائے ہر طرف ملبہ اور خوف کے سائے چھائے ہوئے ہیں۔
صدر نے زور دیا کہ عالمی برادری کو ان علاقوں میں امن و امان کے قیام کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں جہاں انسانیت مصائب کا شکار ہے۔
دوسری جانب برادر اسلامی ملک ایران میں بھی کل جشنِ نوروز روایتی جوش و خروش سے منایا جائے گا۔ایرانی عوام پر مسلط کردہ جنگی حالات اور پابندیوں کے باوجود ملک بھر میں تیاریاں عروج پر ہیں۔ تہران سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں کو سجا دیا گیا ہے اور ایرانی عوام اس پیغام کے ساتھ نوروز منا رہے ہیں کہ کوئی بھی مشکل ان کی ثقافتی خوشیوں اور قومی عزم کو متزلزل نہیں کر سکتی۔
نوروز: بہار، تجدید اور روشنی کی فتح کی علامت، صدر آصف زرداری کا قوم اور خطے کے نام پیغام
03:14 PM, 20 Mar, 2026